ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی، آئی سی سی رینکنگ میں نمبرون بنا،پاکستان کا قبضہ ختم،محمدسمیع کی عمدہ گیندبازی ،ساہامین آف دی میچ بنے

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی، آئی سی سی رینکنگ میں نمبرون بنا،پاکستان کا قبضہ ختم،محمدسمیع کی عمدہ گیندبازی ،ساہامین آف دی میچ بنے

Tue, 04 Oct 2016 11:41:00    S.O. News Service

کولکاتہ،3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان نے آج یہاں ایڈن گارڈنز پر شاندارآل راؤنڈر مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کو 178رنز سے کراری شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2.0کی برتری بنائی جس کی بدولت وہ روایتی حریف پاکستان کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست مقام سے ہٹا کر چوٹی پر قابض ہو گیا۔وراٹ کوہلی کے کھلاڑیوں نے گھریلو میدان پر ہندوستان کے 250ویں ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 376رنز کا ہدف دیا۔مہمان ٹیم نے شروع میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن چائے کے بعد کے سیشن میں ٹیم بری طرح بکھر گئی اور 81.1اوور میں 197رن پر سمٹ گئی۔اس سے پہلے گھریلو ٹیم نے دوسری اننگز میں 76.5اوورز میں 263رنز بنائے۔روہت شرما نے کل 82رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کے بعد رددھمان ساہا نے بھی 120گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58رنز کی اننگز میچ میں مسلسل دوسری نصف سنچری جمائی۔اس ناممکن ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کازوال آخری سیشن میں ہوا جس میں اس نے سات وکٹ گنوائے،اس کے سلامی بلے باز ٹام لاتھم 74رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔لاتھم کی اننگز نے نیوزی لینڈ کو کچھ حیران کن ا نتائج لانے کی امید جگائی تھی لیکن آف اسپنر روی چندرن اشون نے چائے کے بعد دوسرے ہی اوور میں ایسے کسی امکان پر پانی پھیر دیا۔لاتھم چائے کے بعد اپنے 74رن میں ایک بھی رن نہیں جوڑ سکے اور اشون کی گیند پر بیٹ لگاکر وکٹ کیپر ساہا کو آسان کیچ دے بیٹھے۔لاتھم کے علاوہ لیوک رونچی نے 60گیند وں میں 32رن بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے۔حالانکہ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اس عجیب و غریب پچ پر ناکام رہی جس کا تیزگیندبازوں اور اسپنروں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ہندوستان کے لیے اشون(82رن دے کر)اور روندر جڈیجہ(41رن دے کر)نے تین تین وکٹ چٹکائے۔تیز گیند ازوں میں محمد سمیع نے بہترین بولنگ کرکے 46رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے،اب دونوں ٹیمیں تیسرے ٹیسٹ کیلئے اندور روانہ ہوں گی جہاں آٹھ اکتوبر سے مقابلہ شروع ہوگا،اس کے بعد ٹیمیں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلیں گی۔پرانی گیند سے ریورس سوئنگ حاصل کرنے والے سمیع نے نچلے آرڈرکے بلے بازوں کا خاتمہ کیا،نئی گیند 80ویں اوور میں لی گئی۔ٹرینٹ بولٹ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔انہوں نے باؤنسر کو کھیلنے کی کوشش کی لیکن مرلی وجے کو کیچ دے بیٹھے۔نیوزی لینڈ کو اپنے کپتان اور کرشمائی بلے باز کین ولیمسن کی کافی کمی کھلی جو بیمار ہونے کی وجہ سے اس میچ میں نہیں کھیل سکے۔لاتھم نے اگرچہ ججھارو اننگز کھیلی لیکن بائیں ہاتھ کے اس بلے باز کو دوسرے سرے پر تعاون نہیں ملا۔چائے کے بعد دوسرے اوور میں آؤٹ ہونے سے ایسانتیجہ یقینی ہو گیا تھا۔کانپور میں 10وکٹ چٹکانے والے اشون نے درمیانی انگلی میں کورن کے باوجود گیند بازی کی،ان کی رفتار سست دکھائی دے رہی لیکن وہ تھوڑا اچھال دے پچ پر ایک بار پھر اہم بولر ثابت ہوئے۔اشون نے لنچ کے بعد پانچویں گیند میں خراب فارم میں چل رہے مارٹن گپٹل(24)کو آؤٹ کرکے پہلے وکٹ کے لئے 55رن کی شراکت کا خاتمہ کیا۔ہندوستان نے اس سیشن میں 80رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔گپٹل کے جانے کے بعد ہنری نیچلس نے نے لاتھم کا اچھا ساتھ نبھایا لیکن وہ 24رنز کے اسکور پر جڈیجا کی گیند پر سلپ میں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔لاتھم ڈٹے رہے اور انہوں نے جڈیجہ کی گیند کو ڈیپ اسکوائر لیگ میں سویپ کرتے ہوئے اپنی لگتار دوسری اور کل نویں نصف سنچری مکمل کی۔قسمت نے لاتھم کا ساتھ دیا، وہ اشون کی گیند کو صحیح ٹائمنگ سے نہیں کھیل پائے لیکن انہیں کوہلی اور اس گیند باز کے درمیان ہوئی غفلت کا فائدہ مل گیا۔کوہلی نے بھی شارٹ کور پر کیچ کیلئے ڈائیو کیا، اشون بھی اسے لپکنا چاہتے تھے لیکن دونوں میں سے کوئی بھی کیچ نہیں لے سکا،پھر اشون نے نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان راس ٹیلر(04)کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔تیسرے سیشن میں اشون کے لاتھم کو آؤٹ کرنے کے بعد سمیع نے ریورس سوئنگ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشیل سیٹنر(09)اور بی جے واٹلنگ(01)مسلسل اوورز میں پویلین بھیج کر نیوزی لینڈ کی امیدیں توڑ دیں۔اس سے پہلے ہندوستان نے آٹھ وکٹ پر 227رنز سے دوبارہ شروع کی اور ٹیم 76.5اوور میں 263رن پر سمٹ گئی۔ٹیم کے آؤٹ ہونے سے پہلے رددھمان ساہا نے اس میچ میں دوسری نصف سنچری جڑ لی تھی اور وہ 58رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ساہا کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔نیوزی لینڈ کے لیے بولٹ نے 38رنز، میٹ ہینری نے 59رن اور مشیل سیٹنر نے 60رنز دے کر تین تین وکٹ چٹکائے۔آٹھویں نمبر کے بلے باز ساہا پہلی اننگز میں 54رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے اور انہوں نے دوسری اننگز میں متاثر کرتے ہوئے ٹیسٹ میں اپنی چوتھی نصف سنچری لگائی۔ساہا نے صبح کل کے 39رنز سے کھیلنا شروع کیا اور پچ کے مختلف طرح کے اچھال کے مطابق خود کو ڈھالتے ہوئے بلے بازی کی۔دوسرے سرے پر کھڑے بھونیشور کمار سٹروک کھیلنے کی کوشش میں تھے۔قائم مقام کپتان راس ٹیلر نے دن کے 10ویں اوور میں نیل ویگنر کو لگایا اور اس بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے بھونیشور(23، دو چوکے، ایک چھکا)کو آؤٹ کرکے اپنے 25ویں ٹیسٹ میں 99واں وکٹ حاصل کیا۔


Share: